بھٹکل، 14؍ مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل شہر میں "دی کشمیر فائلس" نامی فلم کی نمائش کا مطالبہ کرتے ہوئے ہندو تنظیموں کے بعض لیڈروں نے پشپانجلی تھیٹر کے باہر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
اس موقع پر مظاہرین سے بات کرتے ہوئے سری کانت نائک نے کہا کہ کشمیری پنڈت کے مصائب کو اب تک تاریخ میں چھپا کر رکھا گیا تھا ۔ اب دیش بھکتوں کے لئے "دی کشمری فائلس" فلم ریلیز کی گئی ہے ۔ ملک کے سبھی تھیٹروں میں اس کی نمائش ہورہی ہے ۔ لیکن بعض تھیٹروں میں اس فلم کو چلائے بغیر ہی 'ہاوس فُل ' کا بورڈ لگا کر اس فلم کی نمائش کو روکنے کی سازش کی گئی ہے ۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ بھٹکل کے پشپانجلی تھیٹر میں فوری طور پر اس کی نمائش ہونی چاہیے ۔
پشپانجلی تھیٹر کے سپروائزر نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ بعض تکنیکی وجوہات سے فلم کی نمائش ہو نہیں پائی تھی ۔ اب شام کے شو میں یہ فلم دکھائی جائے گی ۔
احتجاجی مظاہرہ میں سرینواس نائک ہنومان نگر، راجیش نائک،کرشنا کنجوگار، دنیش موگیر جالی،ویویک نائک، ارون نائک، پانڈو نائک، ایشور نائک، بابو کارگیدے، وسنت نائک ، موہن نائک اور دیگر ہندو لیڈران موجود تھے ۔